ڈھاکہ : شمالی بنگلہ دیش کے ایک دریا کروٹوا میں ہندو یاتریوں سے بھری ایک کشتی کے ڈوبنے سے، جس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے، 32 افراد ہلاک اور 60 لاپتہ ہو گئے ہیں۔امدادی کارکنوں نے پیر کے روز سات مزید نعشیں بازیاب کیں۔پولیس نے اتوار کو بتایا کہ اس چھوٹی کشتی پر زیادہ تر عورتیں او ر بچے سوار تھے ، جو حادثے سے قبل علاقے کے ایک معروف مندر کی طرف جا رہی تھی۔اس مندر میں ہندوؤں کے ایک بڑے مذہبی تہوار درگا پوجا کے موقع پر ہزاروں یاتری جمع ہوتے ہیں۔جب وہ قصبے بودا کے قریب پہنچی تو توازن بگڑنے کے باعث الٹ گئی۔ڈسٹرکٹ پولیس چیف سراج الہدی نے بتایا کہ کشتی میں گنجائش سے تین گنا زیادہ مسافر سوار تھے۔ صبح کے وقت شدید بارش ہو رہی تھی جس کی وجہ سے یاتری مندر تک جلد پہنچنے کے لیے کشتی میں تیزی سے سوار ہو گئے۔ملاح نے بتایا کہ اس نے کشتی کا وزن کو کم کرنے کے لیے کچھ لوگوں سے اترنے کو کہا لیکن کسی نے اس کی نہیں سنی۔