بنگلہ دیش کو ا نگلینڈ نے بآسانی 8 وکٹوں سے ہرایا

   

ابو ظہبی: ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8وکٹس سے باآسانی شکست دے دی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے 125 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔ابو ظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ تاہم انگلینڈ کے بیٹسمین15 اوورز میں ہی 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔بنگلہ دیش کی انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور ریت کی دیوار کی طرح ایک ایک کرکے ان کی وکٹیں گرتی گئیں۔ اوپنرز لٹن داس 9، محمد نعیم 5 اور ٹاپ آرڈر بیٹسمین شکیب الحسن صرف 4 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے۔ مشفق الرحیم نے اسکور کو سنبھالنے کی کوشش کی اور وہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد عفیف حسن بھی صرف 5 رنز ہی بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان محمود اللہ 19، نور الحسن 16، مہدی حسن 11 اور نسیم احمد نے 19 رنز بنائے جبکہ مستفیض الرحمان صفر پر آؤٹ ہوگئے۔انگلینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کی۔ ڈیوڈ ملان 28 اور جونی بیئراسٹو 8 رنز بنا کر آخر تک کھڑے رہے۔ جیسن روئے نے ٹیم کو 61 رنز کا اچھا سہارا دیا جبکہ جوز بٹلر نے 18 رنز بنائے۔ورلڈ کپ میں اس سے قبل میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹ سے ہرایا تھا۔