بنگلہ دیش کی جنوبی افریقہ میں تاریخی فتح، شکیب کو میچ ایوارڈ

   

سنچورین: بنگلہ دیش کو بھی اب ہر ملک میں جاکر ونڈے انٹرنیشنل میچ میں فتح حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے ۔ بنگلہ دیش نے جمعہ کی رات ایک اور تاریخ رقم کی۔ اس ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف جنوبی افریقہ میں پہلی ونڈے جیت ہے بنگلہ دیش کو جنوبی افریقہ کی سرزمین پر ونڈے میں فتح کا مزہ چکھنے میں 20 سال لگ گئے ۔ سنچورین میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش نے 314/7 کا اسکور بنایا اور پھر میزبان ٹیم کو 38 رنز پہلے روک دیا۔ڈیوڈ ملر نے بنگلہ دیش کو فتح سے محروم رکھنے کی پوری کوشش کی لیکن 46 ویں اوور میں وہ آؤٹ ہوتے ہی یہ فتح مہمانوں کیلئے ضابطہ کی تکمیل بن گئی۔ ملر نے 57 گیندوں پر 79 رنز بنائے ، اور تقریباً ہر اوور میں باؤنڈری لگائی۔ ملر کے علاوہ ریسی وین ڈیر ڈوسن نے بھی نصف سنچری کھیلی اور 86 رنز بنا کر وہ جنوبی افریقہ کے ٹاپ اسکورر رہے لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے ۔جنوبی افریقہ کی ٹیم 48.5 اوورز میں 276 رنز تک محدود رہی۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کی اننگز کی خاص بات لجنڈ آل راؤنڈر شکیب الحسن رہے جنہوں نے 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور جنوبی افریقہ کی سرزمین پر ونڈے کرکٹ میں بنگلہ دیش کے سب سے زیادہ اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ شکیب اور نوجوان بلے باز یاسر علی نے چوتھی وکٹ کیلئے 115 رنز کی شراکت قائم کی۔ بنگلہ دیش کی اننگز کے دوران مجموعی طور پر 11 چھکے لگے ۔ یہ غیر ملکی سرزمین پر بنگلہ دیش کی طرف سے ایک ونڈے اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا مشترکہ ریکارڈ بھی ہے ۔ مہدی حسن اور تسکین احمد وقفے وقفے سے تعاقب کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو جھٹکے دیتے رہے جس کی وجہ سے میزبان ٹیم سنبھل نہ سکی۔ مہدی نے چار جبکہ تسکین احمد نے تین وکٹیں حاصل کئے۔ شکیب الحسن کو ان کی شاندار اننگز پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بنگلہ دیش کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔ دوسرا ونڈے اتوار کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
بطور صدر اے سی سی جے شاہ کی میعاد میں توسیع
کولمبو: سکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ کی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کے طور پر میعاد میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی ہے ۔ ہفتہ کو یہاں کونسل کے سالانہ عام اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ اے سی سی نے ٹویٹ میں لکھا کہ اے سی سی اراکین نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ جے شاہ کی مدت کار اور ایگزیکٹو بورڈ کے ساتھ ساتھ اس کی کمیٹیوں کی بھی مدت کار 2024تک جاری رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ کے صاحبزادے مسٹر شاہ کو گذشتہ سال جنوری میں اے سی سی کا صدر مقرر کیا گیا تھا۔