ڈھاکہ ۔10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا مستقبل پیر کو طے ہوگا۔ ذرائع نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی اجازت کے لئے حکومت سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔پاکستان میں ٹسٹ میچ کھیلنے کے واضح اشارے مل رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش ٹیم کے دورہ پاکستان کا حتمی اعلان اب پیر کو کیا جائے گا۔ ویسٹ انڈین کرس گیل نے ڈھاکہ میں یہ بیان دے کر پاکستان کا معاملہ مضبوط کردیا ہے کہ اس وقت پاکستان محفوظ تر ین ملک ہے۔ نظم الحسن نے پی سی بی سے مزید چار دن کا وقت مانگ لیا ہے اس سے قبل اتوارکو بنگلہ دیش بورڈ کا اجلاس ہوگا۔ بنگلہ دیش بورڈ کے صدر نے کہا کہ حکومتی ایجنسیوں نے دورہ پاکستان کے لئے جزوی اجازت دے دی ہے۔ ہمیں حتمی اجازت سے قبل فول پروف سیکیورٹی کی ضمانت درکار ہے۔ بنگلہ دیشی میڈیا نے دعوٰی کیا تھا کہ نظم الحسن نے ڈھاکہ میں میڈیا کو بتایا کہ شیڈول میں کچھ تبدیلیوں کے ساتھ حتمی اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔ نظم الحسن نے کہا کہ اتوار کو بورڈ کا اجلاس ہے حالات اور تفصیلات اپنے بورڈ ممبرز کے سامنے رکھیں گے۔ جس کے اگلے دن ہم حتمی جواب دیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ نظم الحسن نے فون کے دوران احسان مانی کو کوئی واضح بات نہیں بتائی، صرف پیر تک جواب دینے کی بات کہی ہے۔