ڈھاکہ ۔ بنگلہ دیش نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، ٹیم کی قیادت شکیب الحسن کریں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا۔بنگلہ دیش کے تجربہ کار بیٹر تمیم اقبال کمرکی تکلیف کے باعث ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔تمیم نے جولائی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم وہ کمر کی تکلیف کے باعث دونوں ایونٹس سے باہر ہوئے۔ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی قیادت شکیب الحسن کریں گے جبکہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں مشفیق الرحیم، لٹن داس، نجم الحسین شانٹو، توحید ہردوئے، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مستفیض الرحمن، حسن محمود، شوریف الاسلام، نسیم احمد، مہدی حسن، تنزید تمیم، تنظیم ثاقب اور محمود اللّٰہ شامل ہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ اگلے ماہ اکتوبر میں ہندوستان میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔بنگلا دیش ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔