ڈھاکہ: مشہور بنگلہ دیشی گلوکارہ شبینہ یاسمین پھر سے منہ کے کینسر میں مبتلا ہیں اور انہیں ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔ انہیں 17 سال قبل کینسر ہوا تھا جو علاج کے بعد ٹھیک ہوگیا تھا۔مقامی اخبار ڈیلی اسٹارنے اتوار کو خاندان کے افراد کے حوالے سے بتایا کہ شبینہ (69) کے منہ کی سرجری ہوئی ہے اور اب وہ سنگاپور جنرل ہاسپٹل کے نیشنل کینسر سینٹر میں ہیں۔شبینہ نے 2007 میں نان ہڈکن لیمفوما کینسر کو شکست دے کر معمول کی زندگی گزارنا شروع کی تھی۔50سال سے زائد عرصہ سے موسیقی سے وابستہ رہنے والی شبینہ کو بنگلہ دیش کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز انڈیپینڈنس ایوارڈ اور دوسرے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ‘ایکوشے پدک’ سے نوازا جا چکا ہے ۔
روسی فوجیوں کی بیگمات کا احتجاج
ماسکو: یوکرین بھیجے گئے روسی فوجیوں کی بیگمات نے احتجاج کیا ہے۔روس میں ہونے والے اس احتجاج کے دوران 2 صحافیوں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ یوکرین میں روسی جنگ کے 2 سال ہونے پر ماسکو میں فوجیوں کی بیگمات نے ہفتے کو احتجاج کیا۔
ان خواتین نے مطالبہ کیا کہ ان کے شوہروں کو یوکرین کی جنگ سے واپس بلایا جائے۔ میڈیا کے مطابق اس ماہ کے شروع میں پولیس نے اسی سلسلے کے حوالے سے ہونے والے احتجاج سے تقریباً 20 رپورٹرز کو حراست میں لیا تھا اور مظاہروں کی کوریج کرنے سے خبردار کیا تھا۔