بوتل بند پانی کے استعمال میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش سر فہرست

   

ملک کی تمام ریاستوں کی بہ نسبت زیادہ تناسب ۔ دیہی علاقوں میں شہری علاقوں سے زیادہ رجحان
حیدرآباد۔14ستمبر(سیاست نیوز) ملک بھر میں بوتل بند پانی کا استعمال کرنے والی ریاستوں میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ سر فہرست ہیں ۔ ایک رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش میں بوتل بند پانی کا استعمال سرفہرست ہے جبکہ دوسرے نمبر پر تلنگانہ ہے ۔ سروے کے مطابق آندھرا پردیش میں 29.8 فیصد گھروں میں بوتل بند پانی استعمال کیا جاتا ہے جبکہ تلنگانہ کے 28.7 فیصد گھروں میں بوتل بند پانی کے استعمال کا رجحان ہے۔ قومی سطح پر یہ فیصد محض 6.8 ہے ۔ حکومتوں کی جانب سے پینے کے صاف پانی کی سربراہی کے کروڑہا روپئے کے پراجکٹس چلائے جا رہے ہیں اس کے باوجود شہریوں کی جانب سے بوتل بند پانی کے استعمال کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ حکومت کے اقدامات پر عوام کو اعتماد نہیں ۔بتایاجاتا ہے کہ آندھرا پردیش میں 29.8 فیصد‘ تلنگانہ میں 28.7 فیصد گھریلو صارفین بوتل بند پانی کا استعمال کرتے ہیں جبکہ کرناٹک میں 21.3 فیصد صارفین بوتل بند پانی استعمال کرتے ہیں۔ آندھرا پردیش میں شہری اضلاع سے زیادہ دیہی علاقوں میں بوتل بند پانی کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ قومی سطح پر دیہی علاقوں میں 4 فیصد گھریلو صارفین بوتل بند پانی کا استعمال کرتے ہیں جبکہ شہری علاقوں میں 12.2 فیصد عوام بوتل بند پانی کا استعمال کرتے ہیں۔ آندھرا پردیش میں 30.5 فیصد دیہی عوام بوتل بند پانی استعمال کرتے ہیں جبکہ 28.6 فیصد شہری عوام بوتل بند پانی استعمال کرتے ہیں۔ تلنگانہ میں 26.3 فیصد دیہی عوام کی جانب سے بوتل بند پانی کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ 31.4 فیصد شہری عوام اس کا استعمال کرتے ہیں۔ ریاستی حکومتوں کی جانب سے گھر گھر پینے کے صاف پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق دعوؤں پر شہریوں اور دیہی عوام کو اعتماد نہ ہونے کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ نل کے پانی کے صاف نہ ہونے کے علاوہ بدبواور آلودگی کے سبب شہریوں میں نل کے پانی کے استعمال کے متعلق کراہیت پائی جاتی ہے اسی لئے وہ وتل بند پانی کے استعمال کو ترجیح دیتے ہیں۔M