بودھن میونسپل چیرمین اور کئی ارکان بلدیہ کی کانگریس میں شمولیت

   

سابق وزیر ایم وینکٹیشور راؤ سے ریونت ریڈی کی ملاقات
حیدرآباد ۔16۔اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے اہم قائدین کی کانگریس میں شمولیت کی مساعی کے تحت صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے نظام آباد سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر ایم وینکٹیشور راؤ سے ملاقات کی۔ سابق وزیر سدرشن ریڈی ، ٹی ناگیشور راؤ ، پی سرینواس ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ ریونت ریڈی نے وینکٹیشور راؤ سے ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ وینکٹیشور راؤ نے راہول گاندھی کے مجوزہ دورہ نظام آباد کے موقع پر پارٹی میں شمولیت سے اتفاق کیا ہے۔ انہیں پارٹی نظام آباد کے کسی ایک حلقہ سے ٹکٹ دے گی۔ اسی دوران بی آر ایس کے سابق رکن کونسل بی لکشمی نارائنا اور کھمم کے دیگر قائدین نے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ مجالس مقامی کے کارپوریٹرس اور سابق کارپوریٹرس نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ چیوڑلہ اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے قائدین بھی کانگریس میں شامل ہوئے۔ بودھن اور کوڑنگل اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے قائدین نے آج ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ بودھن میونسپل چیرمین ٹی پدماوتی نے کونسلرس شرد ریڈی ، سریکانت گوڑ ، پی ستیہ نارائنا ، نذیر علی ، محمد عمران ، محمد جاوید ، عبداللہ ، ٹی لتا ، روی چندرا ، ایس انجیا ، رام گوپال ریڈی اور سابق ایم پی ٹی سی بال راج گوڑ کے ہمراہ ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ بودھن میونسپل کارپوریشن کے عوامی نمائندوں کی شمولیت سے اسمبلی حلقہ میں پارٹی کا موقف مستحکم ہوگا۔