بودھن۔/13 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن میں خواتین کے گلے سے طلائی چین چھین کر فرار ہونے والی دو رکنی ٹولی سرگرم ہے۔ متاثرہ خاتون اور مقامی نوجوان فوری حرکت میں آنے کی وجہ سے دو میں سے ایک سارق پکڑا گیا جس کو مقامی افراد نے پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بودھن کے محلہ برہمن گلی میں اپنے گھر کے سامنے تنہا ٹھہری ہوئی ساوتری نامی خاتون کے قریب اچانک ایک موٹر سیکل سوار دو نوجوان آکر رکے اور ساوتری کے سمجھنے اور سوچنے سے پہلے ایک نوجوان اس کے گلے میں موجود طلائی چین پر جھپٹا۔ ساوتری نے اپنی چین بچانے کی کوشش کی اس دوران چین کا کچھ حصہ سارق کے ہاتھ میں آگیا جس کو لے کر وہ فرار ہوگئے۔ متاثرہ خاتون نے فوری بودھن پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔ مذکورہ سارقین بودھن سے پانچ کیلو میٹر دور ایڈپلی میں سابق سرپنچ جے پشپا پر ان کے گھر کے سامنے حملہ کرکے چین چھیننے کی کوشش کی لیکن پشپا نے حملہ آوروں کی کوشش کو ناکام بنادیا اور مقامی افراد اور جس رُخ پر سارقین فرار ہوئے اس علاقہ کے افراد کو سارقین کا چہرہ اور ان کی موٹر بائیک کے رنگ سے واقف کروادیا جو کارگر ثابت ہوئی ۔ ان دو مشتبہ افراد کو تیزی کے ساتھ گزرتے ہوئے دیکھ کر جانکم پیٹ کے قریب سارقین کے انتظار میں ٹھہرے ہوئے نوجوانوں نے روکا ۔ اس دوران ایک سارق کسی طرح بچ کر بھاگ گیا جبکہ دوسرے کو بائیک کے ساتھ پکر کر ایڈپلی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ ان سارقین کے خلاف رورل سرکل انسپکٹر شاکر علی اور بودھن اربن سرکل انسپکٹر راکیش نے علحدہ علحدہ مقدمات درج رجسٹر کئے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ دو رکنی ٹولی کا تعلق پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے ہے۔ مفرور سارق کو پولیس تلاش کررہی ہے۔