63 موٹر سائیکل ، چار آٹو رکشا ضبط ، اے سی پی راما راؤ کا انکشاف
بودھن : آج بودھن شہر کے شکرنگر کالونی میں اسسٹنٹ کمشنر پولیس راما راؤ کی زیرنگرانی علی الصبح گھر گھر تلاشی لی گئی ۔ اس دوران بغیر دستاویزات کے 62 موٹر سیکلیں اور چار آٹو رکشا کے علاوہ ایک کار کو پولیس نے ضبط کرلیا ۔ اے سی پی راما راؤ نے رام مندر کے قریب واقع میدان میں مقامی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی فرد اپنے پڑوسی کے تعلق سے واقف ہونا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ اگر کوئی فرد کرائے کا مکان حاصل کرنا چاہتا ہے تو اُس کے کام کاج اور افراد خاندان کے علاوہ بالغ افراد کے آدھار کارڈ طلب کرنا چاہئے ۔ اے سی پی نے کہا کہ تلاشی مہم کے دوران ایک غیرمجاز شراب فروخت کرنے کی دوکان کا انکشاف ہوا ۔ دوکان کے تعلق سے محکمہ اکسائیز و نشہ بندی کے عہدیداروں کو واقف کروایا جائے گا ۔ اے سی پی نے بتایا کہ شکرنگر کالونی میں جاری تلاشی مہم کے دوران بعض افراد نے مقامی مسائل سے اُنھیں واقف کروایا ۔ اے سی پی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کمشنر پولیس نظام آباد ناگاراجو کی ہدایت پر آج شکرنگر کالونی میں کارڈن سرچ مہم چلائی گئی ۔ انھوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران بودھن ڈیویژن سے تعلق رکھنے والے تمام سرکل انسپکٹرس اور خاتون پولیس عہدیداروں نے تلاشی مہم میں حصہ لیا ۔ اے سی پی نے بتایا کہ ضبط شدہ موٹر سیکلس و آٹو رکشا کار وغیرہ کے مالکین اپنے دستاویزات پیش کرکے اپنا مال و اسباب حاصل کرسکتے ہیں بصورت دیگر ضبط شدہ اشیاء لاوارث قرار دی جائیگی ۔ انھوں نے بتایا کہ بعض موٹر سائیکلوں پر زیرالتواء چالانات پائے گئے ۔