بودھن میں کورونا وباء میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

مزید 5 افراد کی مثبت رپورٹ ، کئی دنوں سے معائنہ جاری

بودھن ۔ بودھن میں پھر سے کورونا وائرس وباء کے پھیلنے کی تصدیق ہوگئی ۔ آج ضلع گورنمنٹ ہاسپٹل بودھن میں 29 مشتبہ مریضوں کی جانچ کی گئی جن میں سے پانچ افراد کوویڈ 19 پازیٹیو پائے گئے ۔ ان میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے ۔ گذشتہ روز 36 مشتبہ افراد کا معائنہ کیا گیا تھا ان میں پانچ مریض کوویڈ سے متاثر پائے گئے ۔ گذشتہ کئی دنوں سے گورنمنٹ ہاسپٹل میں روزانہ اوسط 50 مشتبہ افراد کی جانچ کی جارہی تھی ۔ 17 مارچ تک تمام کی صد فی صدمنفی رپورٹس وصول ہوئی لیکن 18 مارچ کو طویل وقفہ کے بعد ایک مشتبہ مریض کوویڈ 19 سے متاثر پائے جانے کی تصدیق ہوئی ۔ اس کے بعد تین دنوں کے وقفہ کے بعد گذشتہ روز پانچ مشتبہ کیسیس درج ہوئے اور آج پھر سے پانچ کی مثبت رپورٹس آنے پر سرکاری عہدیداروں میں سراسمیگی پھیل گئی ۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ مریضوں کا تعلق ہر جن واڑہ شکر نگر قدیم شہر علیہ آباد سے ہے جنہیں ڈاکٹرس نے ادویات فراہم کرکے انہیں اپنے گھروں میں ہی قرنطنیہ کی ہدایات دی ۔ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں کورنوا وائرس کو قابو میں کرنے بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ کیا گیا ۔ بودھن شہر کی سرحد مہاراشٹرا سے متصل ہونے کی وجہ سے یہاں متاثرہ افراد کا داخلہ آسان ہے ۔ بین ریاستی سرحد تلنگانہ مہاراشٹرا پر تلنگانہ حکومت نے میڈیکل ٹیم تعینات کردی ۔ تلنگانہ میں داخل ہونے والے افراد اور سواریوں میں سوار تمام مسافرین کی مکمل جانچ کے بعد ہی تلنگانہ سرحد میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے ۔