بورڈ آف انٹر میڈیٹ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام

   

Ferty9 Clinic

نتائج میں دھاندلیاں ، طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ، سکریٹری کی معطلی کیلئے کانگریس کا مطالبہ

حیدرآباد۔/20 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے بورڈ کے سکریٹری کو فوری معطل کرنے اور انٹر میڈیٹ بورڈ کی تنظیم جدید کا مطالبہ کیا۔ کانگریس پارٹی نے کہا کہ جب سے نتائج منظر عام پر آئے ہیں کوئی نہ کوئی بے قاعدگی میڈیا کے ذریعہ بے نقاب ہورہی ہے۔ پارٹی کے ترجمان کے آر ریڈی نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ پر طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے مثال پیش کی کہ ایک ضلع میں ٹاپر امیدوار کو تلگو میں صفر نشان ملے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ صفر نتائج کے بعد امیدوار کس طرح ٹاپر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نتائج کی اجرائی میں تاخیر سے اندازہ ہوگیا تھا کہ اندرونی طور پر کافی بے قاعدگیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔ روز کوئی نہ کوئی نیا انکشاف ہورہا ہے جس میں بورڈ کی عدم کارکردگی اور بے قاعدگیاں عیاں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی لاپرواہی کے نتیجہ میں طلبہ کی زندگیاں قربان ہورہی ہیں ۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ ہزاروں طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے بورڈ کے سکریٹری کو فوری معطل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے بے قاعدگیوں کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر تعلیم سے استعفی کا مطالبہ کیا۔ کے آر ریڈی نے کہا کہ امتحانات میں کامیاب کئی طلبہ کو بورڈ نے ناکام قرار دیتے ہوئے ان کے افراد خاندان میں تشویش پیدا کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری ان بے قاعدگیوں پر توجہ دینی چاہیئے اور ہر سطح پر موجود بدعنوان عہدیداروں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں ایس ایس سی کے بعد انٹر میڈیٹ اہم کڑی ہوتی ہے اور اس مرحلہ پر طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کے ذمہ داروں کو ہرگز بخشا نہیں جاسکتا۔ اسی دوران اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد نے آج بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے روبرو احتجاج منظم کرتے ہوئے بے قاعدگیوں کی وضاحت طلب کی۔