29 جولائی کو جلوس، انتظامات مکمل
حیدرآباد۔26 جولائی (سیاست نیوز) اکنا مادنا مہانکالی مندر کے ذمہ داروں جی نرنجن، اے ستیش کمار اور کے دتاتریہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بونال جلوس میں ہاتھی کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جی نرنجن نے کہا کہ عوام کو تجسس ہے کہ آیا جلوس میں جاریہ سال ہاتھی شامل ہوگا یا نہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ نہرو زوالوجیکل پارک میں موجود ہاتھی رجنی کو شامل کرنے کی مساعی کرے۔ مندر کمیٹی نے جلوس کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ 28 جولائی اتوار کو بونال تہوار منایا جائے گا جبکہ 29 جولائی کو مہاکالی جاترا اورجلوس رہے گا۔ نرنجن نے بتایا کہ دونوں شہروں کے علاوہ پڑوسی اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ مندر کے درشن کے لیے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک سے جو ہاتھی جلوس کے لیے لایا گیا تھا اسے عجلت میں واپس کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ہاتھی جلوس میں شمولیت کے قابل نہیں تھا۔ نہرو زوالوجیکل پارک اور انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار کرناٹک سے ایک اور ہاتھی کو منتخب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ ہاتھی کل شام تک حیدرآباد پہنچ جائے گا۔ جی نرجن نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ رجنی ہاتھی کو تیار رکھیں تاکہ کرناٹک کے ہاتھی کی جانب سے کوئی مسئلہ پیدا کئے جانے کی صورت میں اسے استعمال کیا جاسکے۔
