بوچی بابو ٹورنمنٹ ،سوریا ، شریاس اور سرفرازخان پر نظر

   

کوئمبٹور۔ ہندوستانی بیٹر سوریا کمار یادو بوچی بابو کرکٹ ٹورنمنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیں گے تاکہ اپنے ٹسٹ کیریئرکو دوبارہ ٹریک پر لایا جا سکے جس میں ان کی ٹیم ممبئی منگل کو یہاں شروع ہونے والے میچ میں ٹی این سی اے الیون کا سامنا کرے گی۔ شریاس ایر بھی ممبئی ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ سیزن کے آغاز میں منعقد ہونے والے اس ٹورنمنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش بھی کریں گے۔ ائیر نے اپنا آخری ٹسٹ میچ فروری میں کھیلا تھا۔کئی اسٹار کھلاڑیوں سے مزین ممبئی ٹیم کی قیادت سرفراز خان کریں گے، جن کے لیے تمام ٹاپ کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد ٹسٹ ٹیم میں جگہ بنانا آسان نہیں ہوگا۔ سرفراز نے اس سال کے شروع میں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ ڈیبیو کرکے اپنی کارکردگی سے متاثر کیا۔ ویراٹ کوہلی کے ایل راہول اور رشبھ پنت مختلف وجوہات کی بنا پر انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز سے محروم رہے لیکن امکان ہے کہ وہ 19 ستمبر کو چنئی میں بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے وہ دستیاب ہوں گے۔ بوچی بابوکرکٹ ٹورنمنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں سب کی توجہ یقینی طور پر سوریا کمار پر ہوگی جنہوں نے فروری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا واحد ٹسٹ میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد سوریا کمار نے محدود اوورزکی کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بوچی بابو ٹورنمنٹ سوریا کمار اور دیگر اسٹار کھلاڑیوں کے لیے دلیپ ٹرافی کے لیے پریکٹس کا کام کرے گا۔ دلیپ ٹرافی 5 ستمبر کو شروع ہوگی۔ سوریا کمار نے گزشتہ سال دلیپ ٹرافی میں اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد وہ چار اننگز میں صرف 71 رنز بنا سکے۔ سرفراز نے اس سال کے شروع میں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ ڈیبیو کیا تھا۔. انہوں نے پانچ اننگز میں 50 کی اوسط سے 200 رنز بنائے جس میں تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔