بوگس رائے دہی اور دوسروں کا ووٹ ڈالنے والوں کی خیر نہیں

   

حیدرآباد۔29۔نومبر(سیاست نیوز) بوگس رائے دہی اور تلبیس شخصی کے ذریعہ دوسروں کے ووٹ ڈالنے والوں کی اب خیر نہیں ہے کیونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے احکامات کے مطابق جن مراکز رائے دہی کے متعلق انہیں شکایات موصول ہوئی تھیں ان تمام مراکز رائے دہی پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے علاوہ ان کی آمد کو رفت کو مکمل ریکارڈ کرنے کیلئے کیمرے نصب کرتے ہوئے انہیں آن لائن کردیا گیا ہے۔ مراکز رائے دہی پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے بعد اب بوگس رائے دہی میں کمی آنے کی توقع ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق تمام مراکز رائے دہی پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں اور ان سی سی ٹی وی کیمروں میں موجود ریکارڈنگ کو 45 دن تک محفوظ رکھا جائے گا تاکہ اگر کوئی قانون حق آگہی کے تحت ان سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ طلب کرتا ہے تو اسے فراہم کی جائے گی۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ‘ چارمینار‘ کاروان ‘ ملک پیٹ کے علاوہ نامپلی کے امیدواروں نے ان کے حلقہ جات اسمبلی میں بوگس رائے دہی کے سلسلہ میں جو شکایات درج کروائی ہیں ان شکایات کو بنیاد بناتے ہوئے تمام مراکز رائے دہی کو سی سی ٹی وی سے مربوط کرتے ہوئے ان کے ذریعہ مراکز رائے دہی میں آمد رفت کو مکمل طور پر ریکارڈ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں جہاں رائے دہی کے دوران بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی شکایات عام ہیں ان علاقوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے بعد ایک سے زائد ووٹ کا استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے لئے شواہد بھی دستیاب رہیں گے اور انتخابات کے بعد 45 یوم تک ان سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ موجود رہے گی جسے کوئی بھی ہندستانی شخص قانون حق آگہی کے تحت حاصل کرسکتا ہے۔