لکھنو: بی جے پی کے اناو سے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے زرعی قوانین کی واپسی کے حوالہ سے کہا ہے کہ بِل (قوانین) تو بنتے اور بگڑتے رہتے ہیں، واپس آ جائیں گے، دوبارہ بن جائیں گے۔ اپنے بیان میں ساکشی مہاراج نے اشارہ دیا ہے کہ زرعی قوانین کو فی الحال تو واپس لے لیا گیا ہے لیکن مستقبل میں کبھی بھی انہیں دوبارہ منظور کر لیا جائے گا۔ وہیں، یوپی کے اسمبلی انتخابات کے تعلق سے ساکشی مہاراج نے کہا کہ ریاست میں موجودہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا جادو برقرار ہے اور اس کوکوئی توڑ نہیں ہے!میڈیا سے بات کرتے ہوئے ساکشی مہاراج نے کہا کہ ’’اس بِل کا چناو سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بل تو بنتے بگڑتے رہتے ہیں، واپس آ جائیں گے، دوبارہ بن جائیں گے۔ کوئی دیر نہیں لگتی۔انہوں نے مزید کہا، ’’میں تو مودی جی کا دل سے شکریہ ادا کروں گا کہ انہوں نے قوم اور بل میں سے قوم کا انتخاب کیا اور جن لوگوں کے غلط منصوبے تھے ان پر زور دار حملہ ہوا ہے۔