بچاؤ راحت کاموں کیلئے وزراء اور ارکان اسمبلی کو چیف منسٹر کی ہدایت

   

اضلاع میں سیلاب کی صورتحال پر نظر، بچاؤ ٹیموں اور ہیلی کاپٹرس تیار، وزراء متعلقہ اضلاع پہنچ گئے
حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ اپنے متعلقہ اضلاع اور حلقہ جات میں بارش کے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کے کاموں میں خود کو شامل کریں۔ چیف منسٹر نے وزراء اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں قیام کرتے ہوئے امدادی کاموں کی نگرانی کریں تاکہ بارش سے متاثرہ افراد کی مناسب مدد کی جاسکے۔ گزشتہ چند دنوں سے ریاست کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کے سبب سیلاب کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ ذخائر آب اور تالابوں کے لبریز ہونے سے اطراف کے مواضعات میں پانی داخل ہوچکا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے گزشتہ تین دنوں کے دوران اعلیٰ عہدیداروں اور وزراء کے ساتھ وقفہ وقفہ سے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے امدادی کاموں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹر سے کہا کہ مزید بارش کے امکانات والے علاقوں میں عوام کی منتقلی کیلئے ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر فوجی ہیلی کاپٹرس کی مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔ ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کو متعلقہ اضلاع میں کیمپ کرنے کی ہدایت کے علاوہ چیف منسٹر نے کہا کہ جانی نقصان سے بچاؤ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے چیف سکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی کہ ریاست کی مکمل مشنری کو آئندہ 48 گھنٹے تک مکمل چوکس رکھا جائے۔ آبپاشی ، پنچایت راج اور بلدی نظم و نسق کے انجنیئر انچیف اور چیف انجنیئرس کو پراجکٹس کے پاس موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ۔ ریلیف کیمپ منتقل کئے گئے افراد کو غذا ، پانی اور ضروری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ وزراء اور عوامی نمائندے ضلع نظم و نسق کے ساتھ مسلسل ربط میں ہیں۔ چیف منسٹر نے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ چند دنوں تک ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیدار کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے بچاؤ راحت کاموں میں مصروف وزراء سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ بچاؤ راحت کے کاموں میں ضرورت پڑنے پر این ڈی آر ایس کی ٹیموں اور ہیلی کاپٹرس کو تیار رکھا گیا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ ، فائر سرویسز اور پولیس کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو پراجکٹس کی سطح آب پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد کئی وزراء اپنے متعلقہ اضلاع روانہ ہوچکے ہیں۔