میدک، 29؍ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ ریاستی قانونی خدمات اتھاریٹی کی ہدایت پر، ضلع قانونی خدمات اتھاریٹی کی صدر و چیف ڈسٹرکٹ جج محترمہ جی۔ نیلما کی رہنمائی اور سینئر سول جج محترمہ روبینہ فاطمہ کی صدارت میں آج میدک ٹاؤن کے نیو ہائی اسکول میں “بچوں کی تعلیم، بچوں کے حقوق، کم عمری کی شادی، چائلڈ ایکٹس اور پوکسو ایکٹ” جیسے اہم موضوعات پر ایک قانونی آگاہی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ روبینہ فاطمہ نے کہا کہ سماج کی ترقی بچوں کی معیاری تعلیم سے جڑی ہے، ہر بچے کا اسکول جانا نہ صرف اْس کا حق ہے بلکہ ہر بڑے کی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ‘ کے تحت 6 تا 14 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم دینا قانوناً لازم ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بچوں کے حقوق کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور بچوں پر جسمانی، ذہنی یا مالی دباؤ ڈالنا یا ان سے محنت لینا جیسے مسائل اب بھی بعض علاقوں میں برقرار ہیں، جو کہ قانونی طور پر جرم ہیں اور ان کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ محترمہ نے کہا کہ بچوں پر جنسی حملوں، ہراسانی اور جسمانی ظلم کے خلاف ’پوکسو ایکٹ‘ سختی سے نافذ ہے اور ہر والدین، اساتذہ اور طالب علم کو اس قانون سے واقف ہونا چاہئے۔ اس پروگرام میں ڈپٹی چیف لیگل ایڈ آفیسر رام شرما، پینل لائر کروناکر، انچارج پرنسپل محترمہ اسما شاہین محمد نصیرالدین، طلبہ و دیگر شریک تھے۔