بچوں کے ٹفن باکسیس میں صحت بخش غذا کی فراہمی پر زور

   

الائی بلائی پروگرام سے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : گورنر تلنگانہ تملی سائی سوندرا راجن نے آج ریاست کی خواتین پر زور دیا کہ وہ ان کے بچوں کے ٹفن باکسیس میں تغذیہ سے بھر پور ، صحت بخش اور روایتی غذاؤں کی فراہمی کو یقینی بنائیں کیوں کہ بچے موٹاپے اور ناقص غذا سے متاثر ہورہے ہیں ۔ گورنر ہماچل پردیش بنڈارو دتاتریہ کی دختر کی جانب سے آج یہاں جل وہار پر منعقد کئے گئے دسہرہ کے موقع پر منعقد کئے جانے والے سالانہ روایتی الائی بلائی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے گورنر تملی سائی سوندرا راجن نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق تلنگانہ میں 25 فیصد بچے موٹاپے سے متاثر ہیں اور 33 فیصد بچے ناقص غذا کے باعث متاثر ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ گورنر کے علاوہ ایک ڈاکٹر بھی ہیں اس لیے انہیں ریاست میں بچوں کے موٹاپے اور ناقص غذا سے متاثر ہونے کی اونچی شرح پر تشویش لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ریاست صحت مند اور دولت مند ہو اس لیے مدرس سے ان کی یہ خواہش ہے کہ وہ ان کے بچوں کے ٹفن باکسیس میں غیر صحت بخش غذاؤں جیسے برگرس اور پزاس کو شامل نہ کریں بلکہ ان کے لیے صحت بخش غذاؤں کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے 15 سال قبل اس کلچرل ایونٹ کی شروعات کرنے پر بنڈارو دتاتریہ کے اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ اس طرح کی روایات جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عوام ایک پلیٹ فارم پر آتے ہیں یقینا قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے بنڈارو دتاتریہ کی دختر وجئے لکشمی بنڈارو کو اس کلچرل ایونٹ کا اہتمام کرنے پر مبارکباد دی ۔ بی جے پی قائد اور سابق گورنر مہاراشٹرا سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے تلنگانہ کی روایات اور کلچر کی عکاسی کرنے والے اس فیسٹیول کو شروع کرنے بنڈارو دتاتریہ کی کاوشوں کی ستائش کی ۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الائی بلائی تہذیبی طور پر عوام کو جوڑتا ہے ۔ دسہرہ تہوار کے موقع پر الائی بلائی پروگرام منعقد کرنے کا مقصد عوام کو جوڑنا ہے کیوں کہ اس کے ذریعہ محبت اور یکتا کا پیام دیا جاتا ہے ۔ اس ایونٹ میںمرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی ، کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ نے بھی مخاطب کیا ۔ اس پروگرام میں ٹی آر ایس قائد کیشو راؤ ، مرلیدھر راؤ ، بی جے پی نیشنل جنرل سکریٹری ، تلگو دیشم قائد مسٹر رمنا اور دوسرے موجود تھے ۔۔