بیروت: سماجی ذرائع ابلاغ پر خون آلود چہرے والے ایک چھوٹے بچے کی تصویر وائرل ہونے کے بعد گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران لبنانی شہریوں نے اس واقعہ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔کہانی اس وقت شروع ہوئی جب ملک کے شمال میں واقع شہر طرابلس کی بندرگاہ کے رہائشیوں کو سڑک کے قریب ایک زخمی بچہ ملا۔ بچے کے چہرے اور پیروں پر زخم تھے۔شہریوں کی اطلاع پر بچے کو فورا ابتدائی طبی امداد دی گئی اور اس کے والدین کی تلاش شروع کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق، بچہ گاڑی میں اپنے والد کے ساتھ جا رہا تھا جو اونچی آواز میں موسیقی سن رہا تھا۔ اس دوران بچہ اچانک کھڑکی سے باہر گر گیا جب کہ والد نے بچے کی جانب توجہ دیے بغیر گاڑی چلانا جاری رکھا۔مقامی اخبار ’النہار‘ کی رپورٹ کے مطابق ، بچے کے گرنے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد تک باپ نے اس بات کو محسوس نہیں کیا۔