سری نگر، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر کے ضلع بڈگام کے کنی پورہ نوگام علاقے میں جمعہ کو ہونے والے تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا۔ ریاستی پولیس کے مطابق تصادم کی جگہ سے ایک جنگجو کی لاش اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے گنڈ چک پورہ کنی پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز، ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لیا۔ اس کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا اس دوران جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جبکہ جوابی کارروائی میں ایک جنگجو مارا گیا۔
دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع بڈگام میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔
