بڑی مشکل میں پھنس گئے سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان ، لٹک رہی گرفتاری کی تلوار ، جانیں کیا ہے پورا معاملہ

,

   

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رام پور سے ممبر پارلیمنٹ اعظم خان کی مشکلات بڑھنے والی ہیں ۔ یہاں تک کہ ان کی گرفتاری بھی ممکن ہے ۔ رامپور میں کئی دہائیوں سے اعظم خان کی طوطی بولتی ہے ۔ اعظم خان کا دعوی ہے کہ ان کی مرضی کے بغیر وہاں پتہ بھی نہیں ہلتا ، لیکن اب ان کے ہی گڑھ میں اعظم کے خلاف آواز اٹھنے لگی ہے ۔ کئی کسانوں نے ان پر زبردستی زمین قبضہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مجرمانہ مقدمہ درج کرایا ہے ۔ اتنا ہی نہیں اعظم خان پر متاثرین کو جھوٹے کیسوں میں پھنسانے کا بھی سنگین الزام ہے ۔

متاثرہ کسانوں کا الزام ہے کہ اعظم اپنے جوہر یونیورستی کیلئے کئی کسانوں کی کروڑوں کی زمین ہڑپ چکے ہیں ۔ ان کے خلاف رامپور کے عظیم نگر تھانہ میں مجرمانہ مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں شکست سے پریشان سماجوادی پارٹی کیلئے یہ ایک نئی مصیبت بن کر سامنے آگیا ہے۔

اعظم خان پر لگے الزامات کو پارٹی نے بھی سنجیدگی سے لیا ہے ۔ سماجوادی پارٹی نے قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد حسن کی قیادت میں اسمبلی اور قانون ساز اسملی کے اراکین کی جانچ کمیٹی بنائی ہے ۔ یہ کمیٹی رام پور جاکر ان کے خلاف درج مقدمات کی جانچ کرے گی اور اس کے بعد اکھلیش یادو ، اسمبلی اسپیکر اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین کو رپورٹ سونپے گی ۔

ادھر بی جے پی لیڈر نریش اگروال نے بھی اعظم خان پر نشانہ سادھا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جس پارٹی کے ساتھ عوام نہیں ہوتے ہیں ، اس پارٹی کا یہی حال ہوتا ہے ۔ اعظم خان سماجوادی پارٹی کیلئے کوڑھ کی طرح ہیں ۔ نریش اگروال نے اکھلیش یادو پر بھی نشانہ سادھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سماجوادی پارٹی کا آخری وقت چل رہا ہے ۔ دھیرے دھیرے یہ پارٹی ختم ہوجائے گی۔