لندن ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے شاہی محل بکنگھم پیالیس کے باب الداخلہ سے اندر جانے کی کوشش کرنے والے ایک 22 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ مذکورہ شخص کے پاس کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا جسکے بارے میں صرف اتنا کہا گیا کہ وہ دہشت گرد نہیں تھا اور نہ ہی اس واقعہ کا تعلق دہشت گردانہ حملہ سے ہے۔ مذکورہ شخص بکنگھم پیالیس میں صرف چار منٹوں تک ہی ادھر ادھر گھومتا رہا اور بعدازاں اسے گرفتار کرلیا گیا۔یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ حالیہ دنوں میں پیالیس میں سیکوریٹی سے متعلق کافی کوتاہیاں منظرعام پر آئی ہیں جن میں سب سے مشہور واقعہ 1982ء کا ہے جب مائیکل فگن نامی ایک شخص ملکہ ایلزیبتھ کی خوابگاہ میں داخل ہوگیا تھا۔
