حیدرآباد۔ ملک میں کورونا ٹیکہ تیار کرنے والی معروف کمپنی بھارت بائیو ٹیک کے رجسٹرڈ دفتر اور شامیرپیٹ میں واقع اس کا پلانٹ اب سی آئی ایس ایف کی سکیوریٹی میں ہونگے ۔ مرکزی حکومت نے آج ایک فیصلہ کرتے ہوئے بھارت بائیو ٹیک کو سی آئی ایس ایف کی سکیوریٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ بھارت بائیوٹیک کی جانب سے کورونا ٹیکہ کو ۔ ویکسین تیار کیا جاتا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 64 رکنی مسلح نیم فوجی عملہ بھارت بائیو ٹیک کے رجسٹرڈ دفتر اور کمپنی کے پلانٹ کی حفاظت کریگا ۔ بھارت بائیوٹیک ملک میں سب سے بڑی ٹیکہ تیار کرنے والی کمپنی ہے ۔ سی آئی ایس ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور چیف ترجمان انیل پانڈے نے کہا کہ سی آئی ایس ایف کا عملہ 14 جون سے اپنی ذمہ داری سنبھال لے گا ۔ ایک اور عہدیدار نے کہا کہ سی آئی ایس ایف کا احساس ہے کہ بھارت بائیو ٹیک ایک اہم تنصیب کے زمرہ میں آگیا ہے اور اس سے عوام کی اور ملک کی طبی و صحت سے متعلق سلامتی وابستہ ہے ۔ اس کو دہشت گردانہ خطرات بھی لاحق ہوسکتے ہیں ایسے میں سی آئی ایس ایف کو اس کی حفاطت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ وزارت داخلہ نے سی آئی ایس ایف کی سکیوریٹی فراہم کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس کے بعد سی آئی ایس ایف نے سروے بھی کرلیا ہے ۔