حیدرآباد۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر جی نارائن ریڈی نے مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ بھارت بائیوٹک انٹر نیشنل لمیٹیڈ کے سربراہ ڈاکٹر کرشنا ایم ایلا کو بھارت رتن اعزاز سے نوازا جائے جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کیلئے کوویکسین ایجاد کی ہے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ کوویکسین پہلی ویکسین ہے جو کورونا وباء سے بچاؤ میں اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔ یہ پہلی ویکسین تھی جو ملک میں تیار کی گئی جس کے نتیجہ میں نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں کروڑوں انسانوں کی جان بچائی جاسکی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بائیو ٹک انٹرنیشنل نے ڈاکٹر کرشنا ایم ایلا کی قیادت میں انتہائی کم وقت میں ویکسین کی تیاری کا کارنامہ انجام دیا۔ ویکسین کورونا سے بچاؤ کیلئے انتہائی موثر ثابت ہوئی ہے۔ وائیٹ ہاوز کے چیف میڈیکل آفیسر اور امریکہ میں وباؤں پر مہارت رکھنے والے ڈاکٹر انٹونی نے بھی اسکی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ کوویکسین کے نتائج کووی شیلڈ سے بہتر ہیں۔ ڈاکٹر کرشنا ایلا نے کوویڈ ویکسین پر ریسرچ کے سلسلہ میں سائنسدانوں کی قیادت کی اور ایک موثر ویکسین ایجاد کی۔ انہوں نے مرکز پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹر ایلا کو بھارت رتن اعزاز سے نوازے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اپیل کی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں مرکز سے سفارش کریں۔