بی جے پی اور آر ایس ایس پر جھوٹے پروپگنڈہ کا الزام
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی کی ’ بھارت جوڑو ‘ یاترا سے پریشان بی جے پی اور آر ایس ایس یاترا کو ناکام بنانے کیلئے جھوٹ اور جھوٹے پروپگنڈہ کا سہارا لے رہی ہیں ۔ راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو‘ یاترا سے ان دنوں صرف مرکزی حکومت ہی نہیں بلکہ گودی میڈیا بھی پریشان ہوگئی ہے اور یاترا کے ہر 30کیلو میٹر فاصلہ پر ایک جھوٹ پھیلاتے ہوئے یاترا کو ناکام بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ سوشیل میڈیا اور واٹس ایپ کمپنی کے ذریعہ جھوٹ و بے بنیاد اطلاعات فراہم کرنے میں مصروف بی جے پی کا منہ توڑ جواب بھی دیا جانے لگا ہے اور رضاکارانہ طور پر سوشیل میڈیا کے ذریعہ جھوٹے پروپگنڈہ کا پردہ فاش کیا جارہا ہے۔ کینرا سے آغاز کی گئی یاترا میں سوامی ویویکا نند کو نظرانداز کرنے کا پہلے الزام عائد کیا گیا تو وہیں راہول گاندھی کی عوام سے ملاقات بالخصوص برقعہ پوش لڑکی کے ساتھ راہول کی تصویر کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ راہول گاندھی کو مخالف ہندو بنانے میں بی جے پی آئی ٹی سیل کے علاوہ مرکزی وزراء بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔مرکزی وزارت کے منصب پر فائز ہوتے ہوئے ہندوستانی عوام کو جھوٹا سبق سکھانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے اور ہر تیس کیلو میٹر پر ایک جھوٹا پروپگنڈہ کھڑا کردیا جارہا ہے۔ پانچ دس سال قدیم تصاویر کو موجودہ دورکی تصاویر کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے عوام میں پیش کرنے کی اوچھی حرکتیں کی جارہی ہیں۔ راہول گاندھی کی جانب سے یاترا میں استعمال کئے جارہے کنٹینر کو پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خاں سے جوڑا جارہا ہے اور بھارتی عوام کو یہ بتانے کی کوشش کی گئی کہ راہول گاندھی عمران خاں کے نقش قدم پر بھارت میں اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں اور راہول گاندھی کی جانب سے یاترا کے دوران منادر کے دوروں کو نظرانداز کرنے کا بھی جھوٹا مواد پیش کیا جانے لگا ہے جبکہ راہول گاندھی اپنی بھارت جوڑو یاترا میں تمام مذاہب اور ہر شعبہ کے افراد سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا احترام کررہے ہیں۔ راہول گاندھی کی یاترا میں موجودہ کنٹینر کو لگژری گاڑیوں سے تعبیر کرتے ہوئے 10 سال قدیم تصاویر کو شیئر کیا جارہا ہے اور راہول گاندھی کو شاہی ٹھاٹ باٹ کے پرنس کے طور پر پیش کرتے ہوئے عوام سے دور کرنے اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ شاہی انداز سے عام شہری کا بھلا نہیں ہوسکتا۔ تاہم بی جے پی اور اس کے وزراء و قائدین اور آئی ٹی سیل کی مسلسل کوششوں کا راہول گاندھی کی یاترا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ ع