بھارت جوڑو یاترا کی یاد میں حیدرآباد میں کانگریس کی ریالی

   

ہزاروں کارکنوں کی شرکت، ریونت ریڈی اور مانک راؤ ٹھاکرے کا خطاب ،بی آر ایس کو مجلس کی تائید پر تنقید
حیدرآباد7 ستمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے ایک سال کی تکمیل پر آج حیدرآباد میں ریالی کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے شرکت کی ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں سوماجی گوڑہ میں راجیو گاندھی مجسمہ سے ریالی کا آغاز ہوا جو نکلس روڈ پر اندرا گاندھی مجسمہ پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔ جگہ جگہ عوام نے کانگریس ریالی کا استقبال کیا ۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، مدھو یاشکی گوڑ ، پونالہ لکشمیا ، انجن کمار یادو ، محمد اظہرالدین ، وی ہنمنت راؤ ، اے آئی سی سی سکریٹری منصور علی خاں و دیگر نے شرکت کرکے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمہ اور سیکولرازم کے تحفظ کا عہد کیا ۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہا کہ 2014 ء میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد ملک میں سیکولرازم کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ دلتوں اور خواتین غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ نریندر مودی نے ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا لیکن بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ نریندر مودی اپوزیشن اتحاد سے مقابلہ کے موقف میں نہیں ہے اور اتحاد کو کمزور کرنے کیلئے سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور منی پور کی صورتحال پر نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں بحث کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام حیدرآباد کے خلاف جدوجہد کی کانگریس پارٹی نے قیادت کی تھی ۔ سقوط حیدرآباد کانگریس کے سبب ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیکولرازم کے تحفظ کے لئے راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے اور کے سی آر کی کار دہلی پہنچ کر کنول میں تبدیل ہورہی ہے۔ انہوں نے صدر مجلس اسد اویسی سے سوال کیا کہ ایک لاکھ کروڑ کی بے قاعدگیوں میں ملوث کے سی آر کی تائید کے پس پردہ کیا مقاصد ہیں۔ کانگریس نے مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کو روکنے کیلئے بی جے پی نے پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام کا اعلان کیا۔ بی جے پی اور بی آر ایس کانگریس کے جلسہ عام کو روکنے کیلئے سازش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 16 ، 17 اور 18 ستمبر کے پروگراموں کو کامیاب بنانے کیلئے کانگریس کارکن تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی انتظامات کے سلسلہ میں پولیس کا رویہ عدم تعاون کا ہے ۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ 16 اور 17 ستمبر کے پروگراموں کو کامیاب بنانے کارکن متحرک ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے ہر اسمبلی حلقہ میں ریالی کا اہتمام کیا گیا ۔ مہیشورم اسمبلی حلقہ میں بھٹی وکرمارکا اور مدھو یاشکی گوڑ نے شرکت کی۔ ایل بی نگر اسمبلی حلقہ میں مدھو یاشکی گوڑ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر مجسمہ سے ریالی کی قیادت کی ۔