بھارت میں نائب صدر کے انتخابات کےلئے 6 اگست کو ہوگی ووٹنگ، نتیجہ بھی اسی دن: الیکشن کمیشن

   

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے نائب صدر کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ نائب صدر کے الیکشن کے لئے 6 اگست کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور اسی دن ووٹوں کی گنتی بھی ہوگی۔ یعنی 6 اگست کو نائب صدر کے انتخاب کے نتائج آ جائیں گے۔ موجودہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو کی میعاد 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے کی میٹنگ میں نائب صدر کے الیکشن کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نائب صدر کے الیکشن کا نوٹیفکیشن 5 جولائی کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 19 جولائی ہوگی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جولائی کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 22 جولائی ہے۔