ممبئی ، 3 جون (یو این آئی) انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی اور کارناموں کو روشناس کرانے اور مہاراشٹر کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے ’چھترپتی شیواجی مہاراج سرکٹ‘ کے عنوان سے ایک خصوصی ٹرین کا اعلان کیا ہے۔ ’بھارت گورو ٹورسٹ ٹرین‘ کے تحت یہ پانچ روزہ سیاحتی سفر 9 جون 2025 سے شروع ہوگا۔ ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس یادگار سفر میں شامل ہو کر مہاراشٹر کے اہم تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مقامات کا مشاہدہ کریں۔ ڈیویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر نے کہا کہ ‘بھارت گورو ٹورسٹ ٹرین’ کے ذریعے سیاحوں کو چھترپتی شیواجی مہاراج سے وابستہ اہم تاریخی مقامات کی سیر کرائی جائے گی، جہاں تاریخ پر مبنی پروگرام اور سیاحتی معلومات فراہم کی جائیں گی۔