بھدرادری کتہ گوڑم میں کورونا وائرس کی دہشت

   

مندر کے پجاری ، پی آر او اور دیگر کورونا سے متاثر ، تجارتی سرگرمیاں محدود ، رضاکارانہ لاک ڈاؤن
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے سیتارامچندراسوامی مندر کے پجاری ‘ پی آر او اور دیگر دو افراد کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد بھدرادری کتہ گوڑم میں دہشت کا ماحول بن چکا ہے اور مقامی عوام کی جانب سے رضاکارانہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھدرادری جو کہ سابقہ ضلع کھمم کا حصہ ہے اس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے دوران مند ر کے پجاری کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد مندر کے دیگر پجاری اور عملہ نے شخصی قرنطینہ میں چلے جانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عام تجارتی سرگرمیوں کو صبح 8تا10بجے جاری رکھنے کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی تجارت کو دن میں 2بجے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں مندر کے پجاری کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد آٹو ڈرائیورس کی ضلعی تنظیموں نے بھی 15اگسٹ تک لاک ڈاؤن کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران مند ر کو درشن کے لئے پہنچنے والے افراد کو بھی شخصی قرنطینہ میں جانے کا مشورہ دیا گیا ہے لیکن اس کی تشہیر نہیں کی جا رہی ہے۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں تروملا تروپتی دیوستھانم کے صدر پجاری اور دیگر کو کرونا وائرس کی توثیق کے بعد مندر کے پجاریوں کو کورونا وائرس کے معاملہ میں گجرات کے احمدآباد میں واقع سوامی ناتھن مندر کے پجاری کی کورونا وائرس سے موت واقع ہوئی تھی اور اب بھدرادری میں واقع سیتا رامچندرا سوامی مندر کے پجاری و دیگر عملہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے۔