بھدرواہ میں آتشزدگی کی سنگین واردات ،18مویشی جھلس کر ہلاک

   

سری نگر28جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جموں کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدر واہ علاقے میں اتوار کی نصف شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں 18 مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ علاقے کے گجوتھ گاؤں میں اتوار کی نصف شب ایک گاؤ شالہ میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے چشم زدن میں گاؤ خانے کو لپیٹ میں لیا ۔اطلاعات کے مطابق آگ کی اس بھیانک واردات میں 18 مویشی جن میں کم سے کم 15 بکریاں، 2 بیل اور ایک گھوڑا شامل ہے ، جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔ایس ایچ او بھدرواہ منیر خان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لگ بھگ نصف شب کو آگ گاؤ خانے سے ہی نمودار ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں گاؤ شالہ سے متصل تیرتھ رام کے دو کمرے بھی خاکستر ہوئے ہیں ۔عینی شاہدین نے کہا کہ پولیس اور مقامی لوگ صبح کے قریب سات بجے آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ۔