بھونگیر کے یادگیر گٹہ میں کانگریس کو واضح اکثریت

   

کومٹ ریڈی برادرس کی اہم کامیابی
حیدرآباد۔/25جنوری،( سیاست نیوز ) ایسے وقت جبکہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کی لیکن یادگیر گٹہ میں کانگریس کو واضح اکثریت حاصل ہوئی اور اس نے میونسپلٹی پر قبضہ کرلیا۔یادادری بھونگیر ضلع کی یادگیر گٹہ میونسپلٹی میں کانگریس کو 5 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی جبکہ ٹی آر ایس 3 ، سی پی آئی (1) اور آزاد امیدواروں کو 3 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔ آزاد اور سی پی آئی کے کامیاب ارکان کی کانگریس پارٹی کو تائید کے نتیجہ میں اس میونسپلٹی کے چیرپرسن کے عہدہ پر کانگریس کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ یادگیر گٹہ میونسپلٹی کے رائے شماری مرکز پر کومٹ ریڈی برادرس کے پہنچنے پر ٹی آر ایس کارکنوں نے سخت اعتراض جتایا۔ آلیر کی رکن اسمبلی جی سنیتا پر رکن اسمبلی کانگریس کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے غیر اخلاقی گفتگو کی ہے۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ میونسپلٹی میں کانگریس کو اکثریت کے نتیجہ میں ٹی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ رکن اسمبلی سنیتا نے کانگریس کارکنوں پر لاٹھی چارج کرایا۔ واضح رہے کہ علاقہ میں کومٹ ریڈی برادرس کا کافی اثر ہے۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے حالیہ عرصہ میں کانگریس کی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرلی تھی اور ایک مرحلہ پر ان کی بی جے پی میں شمولیت کو یقینی سمجھا جارہا تھا۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں راجگوپال ریڈی کی شمولیت کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں لیکن بلدی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی راجگوپال ریڈی نے کانگریس کی انتخابی مہم میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا۔