بھٹی وکرمارکا کی چیف منسٹر اڈیشہ موہن چرن ماجھی سے ملاقات

   

اڈیشہ میں سنگارینی کالریز کو کانوں کی کھدائی میں تعاون کی اپیل
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ بھٹی وکرمارکا نے آج بھوبنیشور پہنچ کر چیف منسٹر اڈیشہ موہن چرن ماجھی سے ملاقات کی اور اڈیشہ میں سائینی کے مقام پر سنگارینی کالریز کی جانب سے کانکنی کے پراجکٹ میں تعاون کی اپیل کی۔ سنگارینی کالریز لمٹیڈ نے اڈیشہ میں کوئلہ کی کھدائی کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے چیف منسٹر اڈیشہ کو ایک مکتوب حوالہ کیا جس میں ریاستی حکومت سے تعاون کی درخواست کی گئی۔ چیف منسٹر اڈیشہ نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانوں کی کھدائی میں تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ریاست کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سنگارینی کالریز کے پراجکٹ میں مکمل تعاون کیا جائے۔ بھٹی وکرمارکا نے تلنگانہ کے عہدیداروں کے ہمراہ چیف منسٹر اڈیشہ سے ملاقات کرتے ہوئے سنگارینی کالریز کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا 2017 میں سنگارینی کالریز کو سائینی مائنس الاٹ کئے گئے۔ تلنگانہ میں نئی حکومت کے قیام کے بعد اس وقت کے مرکزی وزیر کوئلہ پراہلاد جوشی سے کانکنی کے معاملہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ سنگارینی کالریز کو کانوں کی کھدائی کیلئے ماحولیاتی اور صنعتی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ جنگلاتی اور خانگی اراضی کو سنگارینی کالریز کے حق میں منتقل کرنے کا کام باقی ہے۔ اس کام کی تکمیل کے بعد کھدائی کا کام شروع کیا جاسکتا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے بتایا کہ سائینی علاقہ میں کانکنی سرگرمیوں سے اڈیشہ کے نوجوانوں کو بڑی تعداد میں روزگار حاصل ہوگا۔ اڈیشہ حکومت کو ٹیکس کی شکل میں 600 کروڑ کی آمدنی ہوگی۔ انہوں نے چیف منسٹر اڈیشہ سے درخواست کی کہ اراضی کی منتقلی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ چیف منسٹر موہن چرن ماجھی نے ریاست کے اعلیٰ عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔ بھٹی وکرمارکا نے سائنی پہنچ کر کوئلہ کی کان کا معائنہ کیا۔ 1