بھگونت مان اپنی میعاد کے پانچ سال مکمل کریں گے: کجریوال

   

امرتسر : پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے اتوار کے روز کہا کہ بھگونت مان اپنی مدت پوری کریں گے ۔ پنجاب میں عآپ پارٹی کے تین سال مکمل ہونے پر کجریوال وزیر اعلی بھگونت مان اور دیگر کابینی وزراء کے ساتھ سری دربار صاحب پر حاضری دینے گئے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’16 مارچ 2022 کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے حلف لیا تھا، آج تین سال مکمل ہونے پر ہم گرو مہاراج جی کا آشیرواد لینے آئے ہیں تاکہ ہم گرو مہاراج جی کے دکھائے ہوئے راستے پر چل کر عوام کی خدمت کر سکیں اور انہیں انصاف دلائیں’۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں منشیات اور بدعنوانی کے خلاف جنگ جاری ہے ۔ اس جنگ کو اپنے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی نہیں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ ہم نے 16 مارچ 2022 کو کھٹکر کلاں میں پنجاب کو دوبارہ رنگلا پنجاب بنانے کا وعدہ کیا تھا جس کو پورا کرنے کے لیے ہم پوری ایمانداری سے کام کر رہے ہیں، جو کام ان تین سالوں میں ہوا ہے وہ پچھلے 70 سالوں میں بھی نہیں ہو سکا تھا، پنجاب سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے ۔ پنجاب کے تین کروڑ عوام کی حمایت اور اعتماد کا شکریہ۔