بھینسہ 15 /اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صفا بیت المال شاخ بھینسہ کی جانب سے مسجد حاجی صاحب کے نزدیک تقریب تقسیم اسنادات ٹیلرنگ سنٹر منعقد کیا گیا جس میں مولانا محمد عبدالقیوم قاسمی نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں وقت کی ضرورت ہے کہ بحیثیت مسلمان اولین ذمہ داری ہے کہ قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں تاکہ ہماری بے راہ روی دور ہوسکے اور اللہ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے قانون کو اپنی زندگی میں عملی جامہ پہنا نے میں آسانی ہوسکے ۔ انھوں نے کہا کہ صفا بیت المال شاخ بھینسہ بلامذہب و ملت بہتر انداز میں فلاحی اور رفاہی خدمات کو انجام دینے کی کوشش کر رہی ہے جو قابل ستائش ہے ۔ اس دوران مقامی صدر صفا بیت المال حافظ محمد منیر الدین نے کہا کہ مسجد حاجی کے روبرو واقع مکان میں گذشتہ تین ماہ سے خواتین کو صفا کی جانب سے بلا لحاظ مذہب و ملت مفت ٹیلرنگ تربیت فراہم کی جارہی تھی جس سے استفادہ حاصل کرنے والی پندرہ خواتین میں اسنادات کی تقسیم عمل میں لائی گئی بعدازاں مقامی صدر صفا بیت المال حافظ محمد منیر الدین و دیگر ذمہ داران کی گلپوشی کی گئی ۔ اس موقع پر شکیل خان، عبدالخالد ، شیخ عرفان، اشفاق احمد کے علاوہ صفا بیت المال شاخ بھینسہ ٹیلرنگ سنٹر معلمہ اور تربیت یافتہ خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔