بورویل کی کھدوائی کیلئے 25 لاکھ روپئے رشوت کا مطالبہ ، درخواست گذار کی برسرعام خود کشی کرنے کی دھمکی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ریاست میں رشوت خوری کے خلاف جاری مہم اور اقدامات کے باوجود بدعنوان عہدیداروں کی من مانی پر روک لگانے والا کوئی نہیں ، رشوت خور عہدیداروں کے خلاف جاری کارروائیاں ناکافی ثابت ہورہی ہیں اور بدعنوان عہدیداروں کے حوصلے دن بہ دن بلند ہوتے جارہے ہیں ۔ جو رشوت خوری کے لیے اب متاثرین کو دھمکانے بھی لگے ہیں ۔ اس طرح کے اقدامات کا سامنا ان دنوں بہادر پورہ تحصیل آفس کو کرنا پڑرہا ہے ۔ تحصیلدار زبیدہ بیگم اور ریونیو انسپکٹر وجئے کمار نے ایک شہری کا جینا مشکل کردیا ہے ۔ ان عہدیداروں کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر ایوب نامی شہری نے خود کشی کی دھمکی دی ہے ۔ ایوب بہادر پورہ علاقہ کا ساکن ہے ۔ اس شخص نے اپنی اراضی پر بورویل کی کھدوائی کے لیے درخواست دی تھی جس کو نامنظور کردیا گیا اور اب تعمیراتی سرگرمیوں اور بورویل کی اجازت کے لیے رشوت طلب کی جارہی ہے ۔ ایوب حسین نے آج پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کو منعقد کیا اور تحصیلدار و ریونیو انسپکٹر کی ہراسانیوں کی داستان سنائی ۔ ایوب حسین نے انصاف نہ ملنے پر خود کشی کی دھمکی دی ہے ۔ ایوب حسین کا کہنا ہے کہ وہ ایک کسان ہے اور اب کافی مشکلات میں گھرا ہوا ہے ۔ اس کی تین لڑکیاں ہیں اور روزگار مشکل ہوگیا ہے ۔ لہذا اس نے اپنے پلاٹس پر بکریوں کی پرورش کا منصوبہ بنایا ۔ اور بورویل کی کھدوائی کے لیے درخواست داخل کی جس کو نا منظور کردیا گیا ۔ اور اب اراضی کو سرکاری بتایا جارہا ہے ۔ ان کے پلاٹس جس مقام پر موجود ہیں وہاں کئی عمارتیں پائی جاتی ہیں ۔ ایوب حسین نے سوال کیا کہ انہیں کیوں روکا نہیں گیا ۔ ایوب حسین نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وجئے کمار ان سے 25 لاکھ روپئے رشوت کا مطالبہ کررہا ہے اور اراضی پر تعمیر کی اجازت دینے کا وعدہ کررہا ہے ۔ ایوب حسین نے بتایا کہ انہوں نے پہلے زبیدہ بیگم سے درخواست کرتے ہوئے فریاد سنائی تھی جس کے بعد زبیدہ بیگم نے وجئے کمار سے ملاقات کا مشورہ دیا اور کہا کہ وجئے کمار جو ہدایت دیں گے اس پر عمل کرو ۔ تمہاری مشکل دور ہوجائے گی ۔ جس کے بعد ایوب حسین نے تحصیلدار کے مشورہ پر وجئے کمار سے ملاقات کی جس نے 25 لاکھ روپیوں کا مطالبہ کیا ۔ ایوب حسین نے ان کی ذاتی ملکیت والی جائیداد پر بکریوں کی افزائش اور سرکاری اسکیم سے استفادہ کے لیے موقع فراہم کرنے کا حکومت اور عوامی منتخبہ نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے ۔ بصورت دیگر برسر عام خود کشی کی دھمکی دی ہے ۔۔ ع