بہار اسمبلی انتخابات‘ جے ڈی یو کی دوسری فہرست جاری

,

   

Ferty9 Clinic

44 امیدواروں میں چار مسلمان‘این ڈی اے کی کسی اور پارٹی نے مسلم کو ٹکٹ نہیں دیا

پٹنہ۔16؍اکتوبر ( ایجنسیز ) بہار کی جنتا دل یونائٹیڈ(جے ڈی یو) نے آج بہار اسمبلی انتخابات کیلئے اپنی دوسری فہرست جاری کر دی ہے جس میں 44 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ یہ فہرست بہار کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے تیار کی گئی ہے۔ این ڈی اے میں سیٹ شیئرنگ فارمولے کے تحت جے ڈی یو کو 101 سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا موقع دیا گیا ہے ۔اس سے قبل 15 اکتوبر کو جے ڈی یو نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی جس میں پارٹی نے 57 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ اس طرح این ڈی اے کی تمام اتحادی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ یعنی تمام 243 سیٹوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوچکا ہے لیکن غور طلب اور حیرت کی بات یہ ہے کہ این ڈی اے نے صرف 4 مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیاہے۔ وہ بھی چاروں مسلم امیدوار جے ڈی یو نے اتارے ہیں۔ این ڈی اے کی دوسری کسی بھی اتحادی جماعت نے مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔جمعرات کو جے ڈی یو نے اپنی دوسری فہرست جاری کرتے ہوئے باقی امیدواروں کا اعلان کیا۔ این ڈی اے کی ایک اور اتحادی بی جے پی نے بھی اپنے 101 امیدواروں کے نام تین قسطوں میں جاری کیے ہیں۔ تیسری این ڈی اے پارٹی، ایچ اے ایم نے بھی اسے الاٹ کی گئی چھ سیٹوں کیلئے امیدواروں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ چوتھی اتحادی، چراغ پاسوان کی ایل جے پی۔آر نے بھی 14 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ اپیندر کشواہا کی آر ایل ایم نے بھی اپنے امیدواروں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ چراغ پاسوان کو الاٹمنٹ میں 29 سیٹیں ملی ہیں۔جے ڈی یو کے علاوہ کسی دوسری پارٹی نے این ڈی اے کی امیدواروں کی فہرست میں کسی مسلم امیدواروں کو کھڑا نہیں کیا ہے۔ جے ڈی یو نے اس بار صرف چار مسلمانوں کو میدان میں اتارا ہے۔ جے ڈی یو نے 2020 میں 11 مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے۔بہار میں مسلمانوں کی آبادی 17 فیصد ہے لیکن مسلم امیدوار صرف 4 ہیں۔

گزشتہ انتخابات کا جائزہ لیں تو مسلم امیدواروں کی یہ سب سے کم تعداد ہے۔قابل ذکر ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کے لیے چھ اور گیارہ نومبر کو دو مرحلوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے جب کہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 14 نومبر کو کیا جائے گا۔