بہار الیکشن کے اعلان سے قبل 34لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا

   

پٹنہ: بہار کے گورنر عارف محمد خان نے روزگار پیدا کرنے کے تئیں ریاستی حکومت کی عہد بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال اسمبلی انتخابات کے اعلان سے قبل ریاست کے 34 لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ بجٹ سیشن کے پہلے دن بہار اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عارف خان نے کہا کہ شروع سے ہی حکومت کی یہ کوشش رہی ہے کہ نوجوانوں کو روزگار اور ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں۔ سال 2020 سے سات عزائم۔2کے تحت 10 لاکھ سرکاری نوکریاں اور 10 لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت اس پر مسلسل کام کر رہی ہے ۔ اب تک 9 لاکھ 35 ہزار سے زائد نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں۔ باقی عہدوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے ۔گورنر نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال انتخابات کے اعلان سے پہلے نوجوانوں کو 10 لاکھ کے بجائے 12 لاکھ سرکاری نوکریاں دی جائیں گی۔ جہاں تک روزگار کا تعلق ہے ، اب تک 10 لاکھ کے بجائے 24 لاکھ لوگوں کو روزگار دیا گیا ہے اور انتخابات کے اعلان سے پہلے ہی 34 لاکھ لوگوں کو روزگار مل جائے گا۔