۔58 ہزار کروڑ روپے کہاں سے لائے گی :سشیل مودی
پٹنہ: بہارکے نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی نے آرجے ڈی زیر قیادت مہا گٹھ بندھن کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے دعویدار تیجسوی پرساد یادو کے ریاست میں 10 لاکھ نوجوانوں کو نوکری دینے کے اعلان پر آج پھر سے نہ صرف حملہ بولا بلکہ اپوزیشن سے سوال کیا کہ وعدے کو پورا کرنے کیلئے اضافی 58 ہزار کروڑ روپے کہاں سے لائیںگے ۔ بی جے پی سنیئر لیڈر سشیل نے آج کہاکہ اپوزیشن کے اعلانات کے تحت اگر واقعی دس لاکھ لوگوں کو سرکاری نوکریاں دی جائے تو ریاست کے خزانے پر 58415.06 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس کے علاوہ قبل سے کام کر رہے 12 لاکھ سے زائد ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں ہونے والے اخراجات 52734 کروڑ روپے کو اس میں جوڑ لیں تو یہ رقم ایک لاکھ 11 ہزار 189.06 کروڑ روپے ہوتی ہے ۔ مودی نے سوالیہ لہجے میں کہاکہ جب اپوزیشن تنخواہ پر ہی بجٹ کا زیادہ تر حصہ خرچ کرے گی تو پھر پنشن ، تعلیمی وظائف ، سائیکل ، پوشاک ، مڈ ڈے میل اور دیگر کیلئے رقم کہاں سے آئے گی۔
