بہار میں بجلی گرنے سے 7 افراد کی موت

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: ریاست بہار میں اچانک موسم نے کروٹ لی ہے اور کئی اضلاع میں بارش اور بجلی گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بھی ریاست کے 19 اضلاع میں آندھی طوفان اور تیز بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ کسانوں اور عام لوگوں کو موسم کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ریاست میں بجلی گرنے کے واقعات میں 7 افراد کی جان چلی گئی ہے جن میں بیگوسرائے کے 4 اور مدھوبنی کے 3 افراد شامل ہیں۔بیگوسرائے میں دیر رات موسم بدلنے کے بعد تیز بارش ہوئی۔ اسی دوران بجلی گرنے کی وجہہ سے 2 افراد کی موت ہو گئی۔ صاحب پور کمال کے سنہا نوٹولیہ کی اندرا دیوی کی بھی موت بجلی گرنے سے ہوئی ہے۔ یہ واقعہ مسودن پور دیارہ سڑک کے موہن پور ڈھابے کے قریب پیش آیا۔ مفصل تھانہ حلقہ کے کولا بہیار میں فصل دیکھ کر ایک کسان واپس آ رہا تھا کہ اچانک بجلی گرنے سے اس کی موت ہو گئی۔ادھر مدھوبنی میں چہارشنبہ کی صبح بجلی گرنے سے باپ بیٹی سمیت 3 افراد کی موت ہو گئی۔ پہلا واقعہ جھنجھار پور کے پپرولیا میں پیش آیا جہاں بجلی کی زد میں آنے کی وجہ سے کھیت کی طرف جانے والی ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ریاست کے کئی مقامات پررات سے ہی تیز بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے مدھوبنی شہر کی سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے۔