ایک مولوی جاں بحق، کئی زخمی
پٹنہ: بہار کے ضلع بانکا میں ایک زوردار بم دھماکہ کے سبب مدرسہ کی ایک عمارت منہدم ہو گئی، وہیں ایک مولوی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ جہاں پر بم دھماکہ ہوا وہاں قریب میں ہی ایک مسجد واقع ہے، لیکن اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق مدرسہ کی عمارت کا نصف حصہ پوری طرح ملبے میں تبدیل ہوگیا اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ میں کم و بیش نصف درجن افراد زخمی ہوئے ہیں اور ایک امام کی موت واقع ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رینیا جوگڈیہہ پنچایت کے چاندنی ندی سے ملحق نوٹولیا میں واقع نوری مسجد اسلام پور احاطہ کے قریب بم دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ وہاں موجود مدرسہ منہدم ہو گیا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مدرسہ بند تھا اور گیٹ کو تالا لگا ہوا تھا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ قریبی گھروں کے لوگ گھر خالی کر کے کسی دوسری جگہ چلے گئے ہیں۔