پٹنہ/نئی دہلی۔17؍اگست ( ایجنسیز) بہار میں انتخابی ہلچل کے بیچ الیکشن کمیشن نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے تقریباً 65 لاکھ ووٹروں کے نام عوامی طور پر جاری کر دیے ہیں۔ یہ قدم سپریم کورٹ کے حکم کے تحت اٹھایا گیا ہے جس نے حال ہی میں کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے افراد کے نام اور ان کے اخراج کی وجوہات عوام کے سامنے رکھی جائیں تاکہ شفافیت قائم ہو۔سپریم کورٹ نے پچھلے ہفتے انتخابی فہرست کے خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران نام کٹنے پر کئی عرضیوں کی سماعت کے بعد کہا تھا کہ یہ تفصیلات لازمی طور پر شائع کی جائیں۔ اس فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اعلان کیا کہ 56 گھنٹے کے اندر اندر ڈرافٹ لسٹ سے خارج ہونے والے تمام 65 لاکھ نام متعلقہ اضلاع کی سرکاری ویب سائٹس پر ڈال دیے گئے ہیں۔اپوزیشن جماعتیں کافی دنوں سے یہ مطالبہ کر رہی تھیں کہ لسٹ سے کٹے ہوئے ووٹروں کے نام عوامی طور پر ظاہر کیے جائیں تاکہ جانچ پڑتال ممکن ہو سکے۔ کانگریس اور دیگر جماعتوں نے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالا تھا کہ بہار میں شفافیت کے بغیر انتخابات نہیں کرائے جا سکتے۔ کمیشن کے فیصلے کے بعد اب ووٹرز کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنے نام کے اخراج کے خلاف دعویٰ یا اعتراض داخل کریں۔