بہار کی مسجد میں گھس کر جئے شری رام کے نعرے ،سنگباری

,

   

Ferty9 Clinic

این ڈی اے کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے حامیوں نے مصلیوں کو زدوکوب کیا

پٹنہ: بہار میں این ڈی اے کی فتح کا جشن مناتے ہوئے شرپسندوں نے مسجد پر حملہ کیا ہے۔ اس سے کئی مصلی زخمی ہوئے۔ حملہ کے دوران ایک زخمی شخص نے بتایا کہ شرپسندوں نے مسجد کے دروازے توڑ دیئے اور چند مصلیوں کی شدید پٹائی کی۔ مسجد کے سامنے والے گھر پر بھی سنگباری کی گئی۔ بہار کے موتی ہاری ضلع میں این ڈی اے فتح کا جشن منایا جارہا تھا۔ اس شرپسند عناصر نے مسجد کو نشانہ بنایا۔ اس واقعہ کے بعد مسلمانوں میں خوف اور مایوسی کا عالم دیکھا جارہا ہے۔ مسجد پر اینٹ اور پتھر سے حملہ کیا گیا۔ حملہ آوروں نے جئے شری رام نعروں کے درمیان نمازیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ شرپسندوں نے مسجد کے دروازہ کو توڑ کر اندر گھس گئے اور نماز میں مصروف مصلیوں کو جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے نشانہ بنایا۔ یہ واقعہ چیف منسٹر نتیش کمار کی قیادت پر سوالیہ نشان ہے۔ اقلیتی طبقہ کے تعلق سے انہوں نے جو وعدے کئے تھے اس کی قلعی کھل گئی ہے۔ اس حملہ کا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں دیکھا جارہا ہیکہ شرپسند عناصر مسجد پر پتھراؤ کرنے کے علاوہ مسجد میں توڑپھوڑ مچانے والے شرپسند عناصر جئے شری رام کا نعرہ بھی لگارہے ہیں اور گالی گلوج بھی کررہے ہیں۔ پولیس نے بروقت پہنچ کر دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ پورے علاقہ میں پولیس چوکسی بڑھادی گئی ہے۔ مسجد میں توڑپھوڑ کے دوران کئی حصوں کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا۔ مسجد کے اندر اور باہر احاطہ میں اینٹ اور پتھرے پڑے نظر آئے۔ اس واقعہ کے بعد موتی ہاری علاقہ میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی کامیابی پر اس کے حامیوں اور شرپسندوں نے جگہ جگہ جلوس نکالے اور اشتعال انگیزی کرتے ہوئے جئے شری رام کے نعرے لگائے۔ مسلم علاقوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔