بہارمیں ایک اور زیر تعمیر پل منہدم

   

بھاگلپور: بہار کے بھاگلپور ضلع میں آج صبح کروڑوں روپے کی لاگت سے زیرتعمیر سلطان گنج ۔اگوانی گھاٹ گنگا پل کا سپر سٹرکچر اچانک گر گیا۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ زیرتعمیر سلطان گنج ۔ اگوانی گھاٹ گنگا پل کے پلر نمبر 9 اور 10 کے درمیان سپر اسٹرکچر (سپورٹ سسٹم) ہفتہ کی صبح ایک زوردار آواز کے ساتھ منہدم ہو کر گنگا میں جا گرا۔ اس حادثہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ پل ایس پی سنگلا کمپنی تعمیر کر رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حادثہ کے بعد پل کی تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے۔ کمپنی، اسٹیٹ برج کنسٹرکشن کارپوریشن کے افسران اور ضلع انتظامیہ کے لوگ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ بہار میں پُل منہدم ہونے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 1710.77 کروڑ روپے کی لاگت سے اس گنگا پل کا تعمیری کا کام 2015 سے جاری ہے۔ اس کا سنگ بنیاد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سال 2014 میں رکھا تھا۔ اس سے قبل سال 2022 میں پل کا پلر نمبر پانچ اور سال 2023 میں پلر نمبر 9، 10، 11، 12 کا سپر اسٹرکچر گر گیا تھا۔ اس کے بعد اس پل کے آپریشن کا دورانیہ بڑھتا جا رہا ہے۔ پل کو کھولنے کا وقت سال 2026 میں مقرر کیا گیا ہے لیکن اس حادثہ کے بعد اس میں بھی شکوک پیدا ہو گئے ہیں۔