ضلعی سطح پر ہاسپٹلس میں بہتر سہولتیں، وزیر صحت ہریش راؤ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔8۔مئی (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ ملک میں ہیلت کیر خدمات میں تلنگانہ کو نمبر ون بنانے کیلئے ہیلت ورکرس کو اہم رول ادا کرنا چاہئے۔ محکمہ صحت کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس کے دوران ہریش راؤ نے کہا کہ محکمہ صحت کے مختلف شعبہ جات کے درمیان بہتر تعاون اور تال میل کی ضرورت ہے تاکہ کیرالا اور مہاراشٹرا کے بعد تلنگانہ ہیلت کیر شعبہ میں نمایاں مقام حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی کے ذریعہ ہمیں ملک میں پہلا مقام حاصل کرنا چاہئے ۔ ہریش راؤ نے کہاکہ معیاری ہیلت خدمات تلنگانہ میں دستیاب ہے اور گزشتہ چند برسوں میں حکومت نے کئی اقدامات کئے۔ غریبوں اور مستحقین کو مفت علاج و ادویات کی فراہمی ، میڈیکل انفراسٹرکچر کی ترقی ، تلنگانہ ڈیاگناسٹک کا قیام اور فری ڈائیلاسیس جیسی سہولتیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کو چاہئے کہ وہ مقامی طور پر ہیلت خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر ضلع میں سرکاری ٹیچنگ ہاسپٹلس میں بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور مریضوں کو اب علاج کیلئے حیدرآباد رجوع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے بستی دواخانوں کی بہتر کارکردگی کا حوالہ دیا اور کہا کہ 2.00 بجے کے بعد بھی بستی دواخانے کارکرد ہیں اور اتوار کو بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سرکاری دواخانوں میں خواتین کی نارمل ڈیلیوریز کو یقینی بنائے اور انتہائی ناگزیر حالت میں آپریشن کا مشورہ دیں۔ سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر