بہتر معاوضہ اور بائیک ٹیکسی پر پابندی کیلئے اولا اور اوبیر ڈرائیورس کا احتجاج

   

حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹاملناڈو میں اولا اور اوبیر ڈرائیورس کی جانب سے ہڑتال کے سبب عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اولا اور اوبیر ڈرائیورس نے بہتر معاوضہ اور بائیک ٹیکسی سرویس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر سے ہڑتال شروع کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بائیک ٹیکسی سرویس سے ان کی آمدنی متاثر ہورہی ہے۔ کیاب ڈرائیورس ٹول بوتھ کے خلاف کارروائی کی مانگ بھی کررہے ہیں جو مقررہ کنٹراکٹ کی تکمیل کے بعد بھی کام کررہے ہیں۔ آل انڈیا روڈ ٹرانسپورٹ ورکرس فیڈریشن اور ڈرائیورس کی یونین نے دو روزہ ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ ڈرائیورس نے ریاستی حکومت سے مداخلت کرنے پر زور دیا ہے۔ ہڑتال کے نتیجہ میں تقریباً 80 فیصد گاڑیاں سڑک پر دکھائی نہیں دے رہی ہیں اور عوام کو اپنے مقامات تک پہنچنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ ٹاملناڈو کی طرح تلنگانہ میں بھی اولا اور اوبیر ڈرائیورس اپنے معاوضہ میں اضافہ کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ شہری علاقوں میں بائیک ٹیکسی خدمات میں تیزی سے اضافہ ان کی آمدنی کو متاثر کررہا ہے۔