نارائن پیٹ کے طلبہ کی ٹاسک ریجنل آفس محبوب نگر کے ورکشاپ میں شرکت
نارائن پیٹ۔ 30 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سری چِٹّیم نرسی ریڈی میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج، نارائن پیٹ کے طلبہ نے عملی معلومات اور کیریئر رہنمائی حاصل کرنے کے مقصد سے ایک تعلیمی فیلڈ ٹرپ میں شرکت کی۔ یہ دورہ شیخ شجاعت علی (لیکچرر و TASK کوآرڈینیٹر) کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کو جدید مہارتوں اور صنعتی معلومات سے روشناس کرانا تھا۔اس فیلڈ ٹرپ کے پہلے مرحلے میں طلبہ نے TASK (Telangana Academy for Skill and Knowledge) کے ریجنل آفس محبوب نگر کا دورہ کیا۔ یہاں طلبہ نے ایک ورکشاپ میں شرکت کی، جس میں موجودہ دور کے مطلوب کورسز کے بارے میں رہنمائی دی گئی۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ وہ صرف 599 روپے میں 6 ماہ کے آف لائن کورسز میں داخلہ لے سکتے ہیں، جن میں عملی تربیت کے ساتھ پلیسمنٹ سپورٹ بھی فراہم کی جاتی ہے۔اس موقع پر مسٹر سراج الدین، ریجنل کوآرڈینیٹر TASK نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے اسکل ڈیولپمنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور انہیں مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لیے ہنر سیکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے بتایا کہ TASK کے کورسز صنعت کی ضروریات کے مطابق تیار کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو ملازمت کیلئے بہتر طور پر تیار کیا جا سکے۔اس کے بعد طلبہ نے Cosmolite AAC Blocks Manufacturing Unit کا دورہ کیا جہاں منیجنگ ڈائریکٹر جناب محمد اشرف نے طلبہ کو AAC بلاکس کی تیاری کے مکمل عمل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ طلبہ کو فیکٹری میں جدید مشینری کے ذریعہ بلاکس بنانے کے مختلف مراحل دکھائے گئے۔