بی آر ایس اسمبلی امیدواروں کی پہلی فہرست کی آج اجرائی کا امکان

   

چیف منسٹر نے مہورت طئے کرلیا، پارٹی قائدین میں ناموں سے متعلق اُلجھن
حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے بی آر ایس امیدواروں کی پہلی فہرست کل 21 اگسٹ کو جاری کی جائے گی۔ سیاسی پارٹیوں کی فہرست کی اجرائی میں برسر اقتدار پارٹی نے سبقت حاصل کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پیر 21 اگسٹ کو صبح 11 بجکر 5 منٹ پر پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کریں گے۔ پہلی فہرست میں زیادہ تر امیدوار سٹنگ ارکان اسمبلی ہوسکتے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے اگرچہ امیدواروں کی تعداد پر وضاحت نہیں کی ہے تاہم بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے 105 امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے۔ علم نجوم کے ماہرین نے 21 اگسٹ کو پارٹی امیدواروں کے اعلان کیلئے مبارک دن قرار دیا ہے۔ اس کے مہورت کا تعین بھی ماہرین کی جانب سے کیا گیا۔ دوسری طرف بی آر ایس قائدین میں ناموں کی شمولیت کے مسئلہ پر بے چینی پائی جاتی ہے۔ بعض ارکان پارلیمنٹ، ارکان کونسل اور کارپوریشنوں کے صدور نشین کو امیدواروں کی فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے 10 سیٹنگ ارکان اسمبلی کو ٹکٹ سے محروم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کئی اسمبلی حلقہ جات کیلئے خواہشمند امیدواروں نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں دو سیٹنگ ارکان اسمبلی ٹکٹ سے محروم ہوسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ناراض قائدین کو منانے کے ٹی آر، ہریش راؤ اور کویتا کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ کریم نگر میں ویملواڑہ اور ورنگل میں اسٹیشن گھن پور اور جنگاؤں اسمبلی حلقہ جات کیلئے قائدین میں سخت رسہ کشی ہے۔ خانہ پور، بوتھ اور آصف آباد کے سیٹنگ ارکان اسمبلی کے خلاف سروے رپورٹ کے سبب نئے چہروں کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کتہ گوڑم، ظہیرآباد اور وائیرا اسمبلی حلقہ جات کیلئے بھی نئے چہروں کو موقع دیا جائے گا۔ فہرست کی اجرائی سے عین قبل اہم قائدین کی قیامگاہوں پر ہجوم دیکھا جارہا ہے۔