بی آر ایس اسکیمات سے صرف قائدین مستفید، رگھونندن راؤ

   

دوباک /15 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سدی پیٹ ضلع دوباک منڈل چیکوڑ ، گمبھیرپور ، شلاجی نگر ، گوسان پلی میں بی جے پی امیدوار رگھونندن راؤ نے اپنے انتخابی مہم کے دوران عوام سے ملاقاتیں کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا ۔ اس موقع پر چیکوڑ گاؤں میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر ہریش راؤ نے چند سال قبل چیوڑ گاؤں کو گود لیا تھا لیکن ابھی تک اس گاؤں کو پلٹ کر بھی نہیں دیکھا ۔ ترقی کے دعوے کرنے والے ہریش راؤ نے اپنے خود کے گود لئے گئے گاؤں کی ترقی کو ہی نظر انداز کردیا ۔ بی آر ایس پارٹی کے اسکیمات صرف اور صرف بی آر ایس پارٹی قائدین کے حد تک محدود ہوچکے ہیں ۔ ان اسکیمات سے غریب عوام استفادہ نہیں کر پارہے ہیں ۔ ڈبل بیڈروم مکانات بھی نااہل لوگوں کو دئے گئے ہیں ۔ جس میں غریبوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کو ووٹ ڈال کر بھاری اکثریت سے کامیابی دلانے کی اپیل کی ۔ ان کے ہمراہ بی جے پی قائدین و عوام کثیر تعداد میں شریک تھے ۔