بی آر ایس اقتدار سے محروم ہونے پر عوام کا اظہار افسوس: کے ٹی آر

   

شکست عارضی اسپیڈ بریکر ہے، بی آر ایس عوام کی آواز بن کر ایوانوں میں گونجے گی
حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ سابق ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کو ووٹ دینے والے عوام ہمیں مسیجس کرتے ہوئے کے سی آر کی حکمرانی کا خاتمہ ہوجانے پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔ بی آر ایس کیلئے یہ صرف عارضی اسپیڈ بریکر ہے۔ کانگریس کے 6 گیارنٹی پر عمل آوری کیلئے بی آر ایس عوام کی آواز بن کر ایوانوں میں گونجے گی۔ سرسلہ کے بی آر ایس آفس میں امبیڈکر کی برسی کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے عوام کو بڑے پیمانے پر لالچ دیا گیا ، سازشیں کی گئی اور باوجود اس کے عوام نے ترقی اور فلاح و بہبود کو اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شکست اور کامیابی عام بات ہے اس سے عوام بالخصوص بی آر ایس کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ تحریک اور جدوجہد سے بی آر ایس پارٹی کا جنم ہوا ہے۔ جدوجہد بی آر ایس پارٹی کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی عوام سے 6 گیارنٹی کے علاوہ انتخابی منشور کے ذریعہ ڈھیر سارے وعدے کرچکی ہے ان پر عمل آوری کیلئے بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی کامیاب تحریک چلانے والے کے سی آر کو عوام نے دو مرتبہ حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اہم رول ادا کیا۔ اس مرتبہ عوام نے اپوزیشن کا موقف عطا کیا ہے۔ بی آر ایس اپوزیشن کا بھی تعمیری رول ادا کرے گی۔ کے سی آر کو تلنگانہ کے عوام کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ انتخابات میں شکست عارضی اسپیڈ بریکر ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انہوں نے سرسلہ میں کامیابی کیلئے شراب اور دولت تقسیم نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا اور وعدے پر قائم رہے عوام نے بھی ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ن